راولپنڈی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیری عوام کےحقِ خودآرادیت کے لیے جایر جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عزم بھی دہرایا اور کہا کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا ہے اور کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔














