راشد منہاس شہید پاک فضائیہ کے جوانوں اورپوری قوم کے لیے حب الوطنی، فرض شناسی اوروطن سے وفاداری کی روشن مثال ہیں۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید 17فروری1951 کو کراچی میں پیدا ہوئے انہوں نے 14مارچ1971ء کو پاکستان فضائیہ کے51 ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔
راشد منہاس کو آپریشنل کنورژن کورس کے لیے ماڑی پور(مسرور) میں واقع نمبر2 اسکواڈرن میں تعینات کیا گیا۔
20 اگست1971کو پائلٹ آفیسرراشد منہاس نے تربیتی پرواز کے لیے کراچی کے مسرورایئر بیس سے اڑان بھری، انسٹرکٹرپائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان نے طیارے کو ہائی جیک کرکے بھارت لے جانے کی کوشش کی۔
بھارتی سرحد سے صرف 40 میل کی مسافت پر پائلٹ آفیسرراشد منہاس نے طیارے کا رخ واپس پاکستان کی طرف موڑنے کی بھرپور کوشش کی۔
انسٹرکٹرکی تمام ترکوشش کے باوجود راشد منہاس نے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ کر طیارے کو بھارتی سرحد سے 32 میل کی دوری پر تباہ کردیا۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس نے اپنی جان قربان کرکے طیارے کو دُشمن ملک لے جانے کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا وطن کے اس بہادرسپوت نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کردی لیکن ملکی وقارپرآنچ تک نہیں آنے دی۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید پاکستان کی دفاعی تاریخ میں سنہرا باب رقم کرنے والے وطن کے عظیم سپوت ہیں۔

















