Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اپوزیشن سے بات چیت کے لیے تیار، امید ہے آئندہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوجائے گی، وزیراعظم

‘ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی، اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کو کیا جواب دیتی ہے’

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن سے بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے، امید ہے آئندہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوجائےگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت پیٹرولیم اور ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ڈیزل کی قیمت میں 32روپے فی لیٹر کمی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج کی موجودہ صورتحال  کے باعث تل، توانائی کی سپلائی کو مشکلات کا سامنا ہے، عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی  مرتب ہوتے ہیں۔ حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے 128ارب روپے مختص کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹس بند ہیں، پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے۔ 128ارب روپے کے لیے وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کی۔

انکا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عام آدمی پر منتقل ہونے سے روکنے کی کوشش کی، معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کیے ہیں، امید ہے آئندہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن سے بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے، ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی، اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کو کیا جواب دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں