Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گورنر سندھ کا روانڈا کے سفارت خانے کا دورہ، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

یہ دورہ روانڈا کی ہائی کمشنر کی جانب سے اپریل 2026 میں کراچی میں گورنر ہاؤس کے دورے کے جواب میں کیا گیا۔

اسلام آباد: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اسلام آباد میں روانڈا کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں روانڈا کی پاکستان میں ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے ان کا استقبال کیا۔

یہ دورہ روانڈا کی ہائی کمشنر کی جانب سے اپریل 2026 میں کراچی میں گورنر ہاؤس کے دورے کے جواب میں کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور صوبائی سطح پر تعاون بڑھانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں گورنر سندھ اور روانڈا کی ہائی کمشنر نے پاکستان اور روانڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری تعاون اور سفارتی روابط کو خصوصی اہمیت دی گئی۔

اس موقع پر سندھ حکومت کے ذریعے سندھ اور روانڈا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دونوں جانب سے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے اور کاروباری اداروں کو نئی منڈیوں تک رسائی، شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں کراچی کی تجارتی اور بحری اہمیت بھی زیر بحث آئی۔ کراچی کی بندرگاہیں روانڈا کے لیے پاکستان سے چاول، ادویات اور طبی و جراحی آلات سمیت مختلف مصنوعات کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جب کہ روانڈا کی چائے بھی کراچی کے راستے پاکستان پہنچتی ہے۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سندھ حکومت اور روانڈا کے درمیان تعاون سے تجارت، نقل و حمل، بحری رابطوں اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ستمبر 2026 میں روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروباری فورم کی تیاریاں جاری ہیں۔ فورم میں دونوں ممالک کے کاروباری افراد، سرمایہ کار اور متعلقہ ادارے شرکت کریں گے۔

متعلقہ خبریں