چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے، دیرپا امن و استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے ناگزیر ہے، بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
عاصم منیر نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان کو غئر مستحکم کرنے کے لیے دشمن عناصر کے غیر ملکی پراکسیز ہیں، دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے امن، سماجی ہم آہنگی اور مثبت قومی مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہا اور کہا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا بلاجھجک اور جامع انداز میں مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب اور بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔
بلوچستان کی اہم شخصیات اور شرکاء نے امن، ترقی، خوشحالی، غیر ملکی اسپانسرڈ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے شرکاء نے عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور رائے دی کہ سچ غالب آئے گا جبکہ دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی پروپیگنڈے اور فریب میں دفن ہوجائے گا۔














