اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو صحت مند قرار دیا گیا ہے، طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب سخت حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے قیدی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جس کے بعد انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق قیدی کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ طبی معائنہ اور دیگر ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد قیدی کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔














