Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط

دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی شعبے میں باہمی روابط مضبوط بنانے کے امور پر گفتگو۔

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دارج سعد الشریعان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور سیکیورٹی شعبے میں باہمی روابط مضبوط بنانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق پاکستان اور کویت نے پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط کردیے ہیں جس کے ذریعے 2023 کے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کا فریم ورک مزید مضبوط ہوگا۔

معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی جس میں تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طے شدہ شعبے شامل ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور کویت نے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق پروٹوکول معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون سے دونوں ممالک کی باہمی سلامتی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں