امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے کی تحریک اب پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بھاری بل عوام پر بم بن کر گرتے ہیں، لوگ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کروانے کے لیے نکلے ہیں اور تاجروں کے شٹر ڈاؤن کرنے سے قوم کو اپنا حق ملے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پہیہ جام کی کال نہیں دے رہی، بعض نوجوان خود پہیہ جام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق 3 ستمبر کی ہڑتال مکمل طور پر پُرامن ہوگی اور گملہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوان جانتے ہیں ہڑتال کیسے کی جاتی ہے، وہ خود تاجروں کے پاس جائیں گے اور انہیں قائل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بھی تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید بتایا کہ 30 اگست کو راولپنڈی میں عظیم الشان جلسہ ہوگا اور 3 ستمبر کو جماعت اسلامی کی تاریخی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔
















