Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام

پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتے کی شب کینبرا کے پاکستان ہاؤس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور کھیلوں کے سفیر کے طور پر یہ بہترین مثال قائم کرے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینجر نوید اکرم چیمہ نے اس موقع پر ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

کپتان شان مسعود نے بھی اس موقع پر ٹیم کو مدعو کرنے پر زاہد حفیظ چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم اس دورے میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مثالی رویے کا مظاہرہ کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آسٹریلیاں میں موجود ہے، جہاں قومی ٹیم کا پہلا مقابلہ 14 دسمبر کو پرتھ میں ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2024 کو سڈنی میں ہوگا۔