ایڈیلیڈ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایشز ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
تیسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ عثمان خواجہ کو کمر انجری کے خدشات کے باوجود ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹ کمنز ابتدائی دو ٹیسٹ میچز سے باہر رہنے کے بعد ایڈیلیڈ میں قیادت سنبھالیں گے۔
عثمان خواجہ کو دوسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے نکالا گیا تھا، جہاں نئے اوپنر جیک ویذرالڈ نے گیبا میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی، تاہم 38 سالہ خواجہ کو تیسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کی پابندی آج سے شروع
ٹریوس ہیڈ اور جیک ویذرالڈ کی اوپننگ جوڑی کی شاندار کارکردگی کے باعث عثمان خواجہ کی بطور اوپنر واپسی کا امکان کم ہے، تاہم ان کی ورسٹائل بیٹنگ صلاحیت انہیں مڈل آرڈر میں موقع دلا سکتی ہے۔
اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین بدستور نمبر تین اور چار پر ٹیم کا حصہ ہوں گے، جبکہ مڈل آرڈر کی حتمی ترتیب پر تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ کیمرون گرین، الیکس کیری اور جوش انگلس کی پرفارمنس کو بھی سلیکٹرز زیرِ غور لائیں گے۔
آل راؤنڈر بیو ویبسٹر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں اور مڈل آرڈر کے ساتھ ساتھ بولنگ آپشن کے طور پر مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں، خاص طور پر اگر پیٹ کمنز یا دیگر فاسٹ بولرز کی فٹنس پر خدشات لاحق ہوئے۔
دوسرے ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے وکٹ کیپر الیکس کیری کا کہنا تھا کہ ٹیم نے سیریز کا اچھا آغاز کیا ہے، تاہم بہتری کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2-0 کی برتری کے باوجود سیریز ختم نہیں ہوئی اور انگلینڈ ایک مضبوط ٹیم ہے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا، سینیٹ میں مسلم دشمنی کا پرچار، خاتون سینیٹر احتجاجاً برقع پہن کر پارلیمنٹ پہنچ گئیں
واضح رہے کہ 2023 کی ایشز سیریز میں بھی آسٹریلیا دو ٹیسٹ جیتنے کے بعد سیریز 2-2 سے ڈرا کر بیٹھا تھا، اسی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم محتاط حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے۔
فاسٹ بولرز برینڈن ڈوگٹ اور مائیکل نیزر کو ممکنہ طور پر حتمی الیون میں جگہ نہ ملے، کیونکہ پیٹ کمنز کی واپسی اور نیتھن لیون کی ممکنہ شمولیت متوقع ہے۔ نیتھن لیون کو برسبین ٹیسٹ میں 13 سال بعد پہلی مرتبہ ہوم ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا تھا۔
جوش ہیزل ووڈ ہیم اسٹرنگ اور بعد ازاں پنڈلی کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ جھے رچرڈسن کندھے کی سرجری کے بعد فٹنس بحال کرنے کے لیے ایڈیلیڈ میں ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔
تیسرا ایشز ٹیسٹ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلوی اسکواڈ:
پیٹ کمنز (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، برینڈن ڈوگٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، نیتھن لیون، مائیکل نیزر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، جیک ویذرالڈ، بیو ویبسٹر۔



















