قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا بی بی ایل 15 میں بابر اعظم کے خلاف کھیلنے کا خفیہ منصوبہ سامنے آگیا۔
قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس پلیئر ہیں اور بڑے اسکور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘‘۔
شاہین آفریدی نے اپنی تیاری کے حوالے سے بتایا کہ وہ آسٹریلوی وکٹوں کے مطابق بولنگ کریں گے اور بابر کو چیلنج کرنے کے لیے مختلف قسم کی ڈلیوریز استعمال کریں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا ’’بابر اعظم پاکستان کے لیے مستقل اسکور کرتے ہیں اور اسٹرائیک کو مؤثر انداز میں گھماسکتے ہیں جب کہ میرا منصوبہ سادہ ہے کہ آسٹریلوی وکٹوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی حالات ان کے لیے زیادہ مددگار ہوں گے، خاص طور پر وہ وکٹیں جو پاکستان میں کھیلنے والی فلیٹ وکٹوں سے مختلف ہیں۔
دونوں اسٹار کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ 5 جنوری 2026 کو ہونے جا رہا ہے جب بابر اعظم کی ٹیم سڈنی سکسرز، شاہین آفریدی کی ٹیم برسبین ہیٹ کے خلاف کوفس ہاربر میں میدان میں اتریں گی۔
دونوں کھلاڑی ابتدائی میچز میں کمزور کارکردگی کے بعد فارم واپس لانے کی کوشش کریں گے۔ بابر اعظم نے سکسیرز کی جانب سے پرتھ اسکورچرز کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں صرف 2 رنز بنائے اور ان کی ٹیم کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہین آفریدی بھی برسبین ہیٹ کے لیے بی بی ایل 15 میں ڈیبیو کے دوران مشکل حالات سے دوچار ہوئے۔ میلبرن رینیگیڈز کے خلاف میچ کے 18 ویں اوور کے دوران آفریدی نے دو کمربند کی سطح کی فل ٹاسز کیں جس پر امپائرز نے انہیں خطرناک بولنگ کے سبب اوور سے ہٹادیا۔
برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سوینی نے باقی اوور مکمل کیا۔ آفریدی نے 2.4 اوورز میں 43 رنز دیے جن میں تین نو بالز اور دو وائیڈز شامل تھیں۔
بولنگ کے ساتھ ساتھ شاہین آفریدی بیٹنگ میں بھی اچھا پرفارم نہیں کرسکے اور آخری اوور میں میچ کے اہم موڑ پر وہ آؤٹ ہوگئے۔
اگرچہ دونوں کھلاڑی اپنے ابتدائی میچز میں مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں لیکن آنے والے بی بی ایل میچز میں وہ فارم بحال کرنے اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔


















