Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے ہیڈکوچ اپنے عہدے سے مستعفی

پاکستان کرکٹ بورڈ 2021 کے بعد اب آٹھویں ٹیسٹ ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کرنے جا رہا ہے۔

سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے ساتھ ہی ان کا مختصر دور اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

اظہر محمود کو جون 2025 میں قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا اور ان کا معاہدہ مارچ 2026 تک تھا، چونکہ مارچ اور اپریل 2026 میں بنگلادیش کے دورے تک پاکستان کی کوئی ٹیسٹ سیریز شیڈول نہیں اس لیے باہمی رضامندی سے ان کی مدت ملازمت قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ اظہر محمود اور پاکستان ٹیم کے درمیان طویل وابستگی کے ایک اور باب کے خاتمے کی علامت ہے۔ وہ اپریل 2024 میں قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ کا حصہ بنے تھے، جہاں انہوں نے تمام فارمیٹس میں اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

وہ وائٹ بال ٹیم میں گیری کرسٹن اور ٹیسٹ ٹیم میں جیسن گلیسپی کے معاون رہے جب کہ اسی ماہ ایک وائٹ بال سیریز میں عبوری طور پر ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی نبھائیں۔

ٹیسٹ ٹیم کے قائم مقام ہیڈ کوچ کے طور پر اظہر محمود نے صرف ایک سیریز کی نگرانی کی جس میں پاکستان نے موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز 1-1 سے برابر کی۔

اظہر محمود نے کہا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مخصوص مدت کے لیے مقرر کیا تھا اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ مکمل ہوچکا ہے اور وہ ٹیم کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ قومی ٹیم کے ساتھ اظہر محمود کا دوسرا دور تھا، اس سے قبل وہ 2016 سے 2019 تک مکی آرتھر کے دور میں پاکستان کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

فی الوقت اظہر محمود آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولنگ کوچ ہیں اور امکان ہے کہ وہ فرنچائز کرکٹ میں کوچنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ وہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اور کاؤنٹی کلب سرے کے اسسٹنٹ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

اظہر محمود کی رخصتی کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم کے انتظامی اور کوچنگ ڈھانچے میں بار بار تبدیلیوں کا سلسلہ برقرار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 2021 کے بعد اب آٹھویں ٹیسٹ ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کرنے جا رہا ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں ٹیم ڈائریکٹرز اور کوچنگ اسٹاف میں مسلسل رد و بدل دیکھنے میں آیا ہے۔