Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’’میں اب بھی کھیلنا چاہتا ہوں‘‘، پی ایس ایل 11 میں نظرانداز ہونے پر احمد شہزاد جذباتی

بیٹا کرکٹ کے بارے میں سوالات کرتا ہے جو سب سے زیادہ تکلیف دیتی ہے، احمد شہزاد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بیٹر احمد شہزاد حالیہ دنوں پی ایس ایل 11 میں شامل نہ کیے جانے پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے طویل عرصے سے کرکٹ سے دوری پر کھل کر بات کی۔

34 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ انہیں آج بھی دکھ ہوتا ہے جب وہ اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھتے ہیں جب کہ وہ خود میدان سے باہر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی کھیلنا چاہتے ہیں اور سابق ساتھیوں کی کامیابی پر خوشی ہوتی ہے لیکن موجودہ صورتحال ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد اچانک سب کچھ ختم ہوجانا ان کے لیے انتہائی مشکل رہا۔ وہ اکثر سوچتے ہیں کہ ان کے کیریئر میں یہ تبدیلی اچانک کیوں آئی۔ ان کے مطابق بعض اوقات یہ احساس انہیں آبدیدہ بھی کردیتا ہے۔

احمد شہزاد اس وقت مزید جذباتی ہوگئے جب انہوں نے اپنے 9 سالہ بیٹے کا ذکر کیا۔

کھلاڑی کا کہنا تھا کہ رات کو سوتے وقت بیٹا ان سے کرکٹ کے بارے میں سوالات کرتا ہے اور یہ بات انہیں سب سے زیادہ تکلیف دیتی ہے کہ شاید وہ اپنے بیٹے کی یادوں میں ایک مکمل کرکٹر کے طور پر باقی نہ رہ سکیں۔

یاد رہے کہ احمد شہزاد نے 2023 میں پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم حال ہی میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں ان کا نام مقامی کیٹیگری میں شامل کیا گیا جسے انہوں نے محض تشہیری اقدام قرار دیا۔

احمد شہزاد نے 2016 سے 2021 تک پی ایس ایل کے پانچ سیزنز میں شرکت کی۔ انہوں نے 45 میچز میں 1,077 رنز اسکور کیے جن میں 9 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔