Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ پاکستان نے امریکا کو شکست دے دی

پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم کا اگلا میچ 15 فروری کو بھارت سے ہوگا۔

کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے 12 ویں میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا 12 واں میچ کولمبو میں کھیلا گیا جس میں امریکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں امریکا کی ٹیم 8 وکٹوں پر 158 رنز ہی بناسکی۔

32 رنز کی جیت کے ساتھ پاکستان نے ورلڈکپ میں دوسری کامیابی حاصل کی جب کہ گروپ اے میں پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ قومی ٹیم کا اب اگلا میچ بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہوگا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نصف سنچری کی بدولت 73 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ بابر اعظم نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

علاوہ ازیں شاداب خان 30، صائم ایوب 19، محمد نواز 5، کپتان سلمان علی آغا اور فہیم اشرف 1،1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خان اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے ہی رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شالک وک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد محسن ، حرمیت سنگھ اور سوربھ نیتلاویلکر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

امریکا کی اننگز

امریکا کی جانب سے شبھم رنجانے 51 رنز بنا کرنمایاں رہے جب کہ شایان جہانگیر 49، مِلند کمار 29، اینڈریس گاؤس 13، ہرمیت سنگھ 6 اور کپتان مونانک پٹیل 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد محسن اور سنجے کرشنامورتی کھاتا کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد نواز ، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔