Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے اس میچ میں 176 رنز کی ریکارڈ ساز اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔

کینڈی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان سری لنکا شکست دینے کے باجود بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کا اہم میچ کینڈی میں کھیلا گیا جس میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان 212 رنز بنائے۔

صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے 176 رنز کی ریکارڈ ساز اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی جب کہ صاحبزادہ فرحان 100 اور فخرزمان 84 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

علاوہ ازیں خواجہ نافع 2، شاداب خان 7، محمد نواز اور کپتان سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے 3، داسن شناکا نے 2 جب کہ دُشمانتھا چمیرا نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بناسکی اور 5 رنز سے جیت پاکستان کے نام رہی جب کہ سری لنکن کپتان داسن شناکا نے 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پوون رتھنائیکے 58، کامل مشارا 26، چرتھ اسالنکا 25، جنیتھ لیاناگے5، کمنڈو مینڈس 3 اور پتھم نسانکا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ نسیم شاہ، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا تھا جب کہ نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔

متعلقہ خبریں