Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈ کپ میں بے خوف اور مثبت کرکٹ کھیلیں گے، مینٹور وہاب ریاض

ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بے خوف، جارحانہ اور مثبت کرکٹ کھیلنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ سیمی فائنل تک رسائی ٹیم کا حقیقت پسندانہ ہدف ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نوجوان، پُرجوش اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اگر کھلاڑیاں اپنی تیاری، محنت اور صلاحیتوں پر اعتماد برقرار رکھیں تو نتائج بھی ان کے حق میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت ہر کھلاڑی کا خواب ہوتی ہے اور یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پوری دنیا کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق گروپ میں کئی مضبوط ٹیمیں موجود ہیں اس لیے ایونٹ کا آغاز اچھے انداز میں کرنا پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے جو قومی اسکواڈ کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ٹیم کافی حد تک ہم آہنگ ہو چکی ہے جبکہ آئرلینڈ سیریز اور وارم اپ میچز نے بھی تیاریوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کے مینٹور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی کھلاڑیاں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ورلڈ کپ میں اپنی بہترین کرکٹ پیش کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سخت محنت، اعتماد اور جذبہ ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے، اور یہی عناصر پاکستان کو بڑے نتائج دلانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں