پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے پلیئر آکشن میں بڑے قومی و بین الاقوامی اسٹارز اپنی ٹیموں میں شامل ہو گئے۔
پی ایس ایل سیزن 11 کے پہلے باقاعدہ پلیئر آکشن کا انعقاد لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوا، جس میں آٹھوں فرنچائزز نے اپنی ٹیموں کی تشکیل کے لیے مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں پر بولی لگائی۔
تقریب میں 800 سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں عالمی اسٹارز اور اہم پاکستانی کھلاڑی شامل تھے۔
آکشن میں ڈیوڈ وارنر، بابر اعظم، شکیب الحسن، ڈیوڈ ولی، جمی نیشم، ٹام کرن اور مائیکل بریسویل جیسے عالمی کھلاڑی شامل تھے، جبکہ فخر زمان، حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد عامر اور شاداب خان جیسے پاکستانی اسٹارز بھی بولی کے لیے دستیاب تھے۔
ایڈم زمپا، جیسن رائے، ڈیوڈ ملان اور عثمان خواجہ بھی فرنچائزز کی توجہ کے مرکز میں رہے۔
کراچی کنگز نے کانٹے دار بولی کے بعد ڈیوڈ وارنر کو برقرار رکھا اور ان کے لیے سب سے زیادہ 7 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بولی لگائی، جس سے ان کی ٹیم میں شمولیت یقینی بن گئی۔
آکشن کے دوران ایکسیلیریٹڈ راؤنڈ میں عامر یامین، آندرے فلیچر، پال اسٹرلنگ اور دیگر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تاکہ نوجوان ٹیلنٹ بھی ٹیموں میں شامل ہو سکے۔
آٹھوں فرنچائزز نے مختلف بولیوں کے ذریعے ٹیموں کو مضبوط کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع فراہم کیا گیا۔
اہم بولیوں میں نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں راولپنڈی رائڈرز کے ساتھ شامل کیا گیا، جبکہ فہیم اشرف 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے حصے بنے۔ حارث رؤف دوبارہ لاہور قلندرز میں شامل ہوئے، ان کی بولی 7 کروڑ 60 لاکھ روپے رہی۔
بین الاقوامی اسٹارز میں ڈیوڈ وارنر کراچی کنگز کے ساتھ برقرار رہے، جنہیں 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں برقرار رکھا گیا، جبکہ رائلی روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں شامل ہوئے۔ اسامہ میر لاہور قلندرز میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں شامل ہوئے جبکہ رشاد حسین راولپنڈی رائڈرز کے حصے بنے، ان کی بولی 3 کروڑ روپے رہی۔
دیگر اہم بولیوں میں فاسٹ بولر محمد علی حیدرآباد میں 2 کروڑ 15 لاکھ روپے میں، عامر جمال پشاور زلمی میں 1 کروڑ 90 لاکھ روپے میں، مہران ممتاز اسلام آباد یونائیٹڈ میں 1 کروڑ 20 لاکھ روپے میں اور عرفات منہاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں 1 کروڑ 10 لاکھ روپے میں شامل ہوئے۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے جہانزیب سلطان کو 60 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔
تاہم کچھ کھلاڑی آکشن میں کسی فرنچائز کا حصہ نہیں بن سکے، جن میں عماد وسیم، سعود شکیل، حسین طلعت، دانش عزیز اور آصف آفریدی شامل ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تقریب میں فرنچائزز کو ورلڈ کپ جرسی پیش کی، جس سے تقریب کو یادگار بنایا گیا۔ اس پلیئر آکشن کے بعد پی ایس ایل سیزن 11 مزید دلچسپ اور مقابلوں سے بھرپور ہونے کی توقع ہے۔



















