Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین نے چاند کا نیا تفصیلی نقشہ جاری کردیا

یہ نقشہ 2024 میں جاری کیے گئے نقشے کا ایک اہم سائنسی اور جدید ورژن ہے

چائنیز اکیڈمی آف جیولوجیکل سائنسز نے انسٹی ٹیوٹ آف جیولوجی (آئی جی سی اے جی ایس) نے بتایا ہے کہ ایک چینی تحقیقی ٹیم نے پورے چاند کا 1:50 لاکھ کے پیمانے پر مبنی تازہ ترین ارضیاتی نقشہ مکمل کرلیا ہے۔

یہ نقشہ 2024 میں جاری کیے گئے نقشے کا ایک اہم سائنسی اور جدید ورژن ہے جو تازہ ترین تحقیقی کی بنیاد پر چاند کی ارضیاتی تاریخ کو مؤثر انداز میں از سرنو مرتب کرتا ہے۔

آئی جی سی اے جی ایس کے ڈائریکٹر یانگ ژی منگ نے کہا کہ ’’چاند کی ارضیاتی تاریخ کو حقیقتاً دوبارہ تحریر کیا گیا ہے، یا زیادہ درست الفاظ میں اسے مزید بہتر، منظم اور جامع بنایا گیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: اسپیس ایکس کے راکٹ کا ملبہ چاند سے جا ٹکرایا، ناسا نے تحقیقات کا آغاز کردیا

اس تازہ ترین نقشے کی سب سے اہم کامیابی چاند کے قدیم ارضیاتی ادوار کی زمانی درجہ بندی کی ازسرنو ترتیب ہے۔ نئے نقشے میں بین الاقوامی زمانی تحقیق میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کی بنیاد پر چاند کے 3 قدیم ارضیاتی ادوار یعنی ایٹکینیئن، نیکٹیرین اور امبرین ادوار کی زمانی حدود کو منظم انداز میں اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

چھانگ ای – 5 مشن سے حاصل ہونے والے قمری نمونوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چاند پر آتش فشانی سرگرمیاں تقریباً 2 ارب سال پہلے تک جاری تھیں جس سے چاند کی ارضیاتی سرگرمی کی مدت پہلے تسلیم شدہ 3 ارب سال کے مقابلے میں ایک ارب سال مزید بڑھ گئی۔ اس آزادانہ تاریخی تعین سے حاصل ہونے والا ڈیٹا اب عالمی قمری ارضیاتی ٹائم اسکیل کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔