کراچی: شہر میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث اندرون سندھ سمیت کراچی میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں جنوب مغرب سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نزیر کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث کراچی میں آج رات یا کل صبح سے معتدل درجے کی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ رمضان کے پہلے 15 روز تک موسم معتدل اور درجہ حرارت معمول کے مطابق برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق 15 رمضان کے بعد شہر میں درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔

















