شہرقائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا سلسلہ آج شام تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاؤن میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ یونیورسٹی روڈ پر بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں معتدل درجے کی بارش ہوئی، بعد ازاں انہی علاقوں اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش بھی دیکھنے میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان کے پہلے عشرے میں موسم کیسا رہے گا؟
گلستانِ جوہر، صفورا اور یونیورسٹی روڈ پر بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گلشنِ اقبال اور اس کے نواحی علاقوں میں تقریباً دس منٹ تک موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے کچھ حصوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ گلستانِ جوہر میں بھی ژالے پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اس موقع پر طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے بدلتے موسم کی بیماریوں سے نجات ملے گی۔

















