اسلام آباد: ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے جب کہ راتیں ٹھنڈی اور دن میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے رمضان المبارک کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کردیا ہے۔
این ای او سی کے اعلامیہ کے مطابق رمضان میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے جب کہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔
پہلا عشرہ
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں راتیں خاصی ٹھنڈی رہیں گی۔
دوسرا عشرہ
این ای او سی کے مطابق دوسرے عشرے میں موسم قدرے گرم ہوجائے گا۔ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار میں کہیں کہیں بارشوں کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
تیسرا عشرہ
تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی علاقوں اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے جب کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخر تک گرمی میں اضافہ متوقع ہے۔
کراچی کا موسم
دوسری جانب پہلے عشرے کے دوران کراچی میں ہلکی بارش کا معمولی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوسکتا ہے جس سے شہر میں ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے تاہم یہ بارش مجموعی طور پر گرم اور خشک موسم میں نمایاں تبدیلی نہیں لائے گی۔
کراچی میں رمضان کے پہلے بیس دنوں کے دوران درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔


















