محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ دارالحکومت میں دن کے وقت درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان سمیت گردونواح کے علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے دوران گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات سمیت ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب میں دن کے درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتے ہیں۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہ سکتی ہے۔ شمالی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی علاقوں میں 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

















