Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں صبح سے اب تک کہاں کتنی بارش ہوئی؟

سب سے زیادہ بارش بحریہ ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں صبح 9 بجے سے 11 بجے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش بحریہ ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی جہاں 20.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سرجانی ٹاؤن میں 12.6 ملی میٹر جب کہ یونیورسٹی روڈ پر 8.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح گلشن معمار میں 7.2 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 6.2 ملی میٹر اور کیماڑی میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ڈی ایچ اے میں 5 ملی میٹر، ماڑی پور میں 3 ملی میٹر جب کہ شاہراہ فیصل پر 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ شہرقائد میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہوچکا ہے جس کے باعث گزشتہ شب سے شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی اور کہیں رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔