ایران کے جوابی حملے کے بعد قطر، بحرین اور کویت میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، کہا جارہا ہے کہ یہ ایرانی میزائلوں کو تباہ کرنے کی آوازیں ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قطر کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے بعض میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دفاعی نظام کو فعال کیا گیا اور فضائی نگرانی سخت کر دی گئی۔
قطری سیکورٹی فورسز کے مطابق ایرانی میزائل کو پہلے سے نصب شدہ پیٹریاٹ سسٹم کے ذریعے فضا میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ قطری حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بحرین کے علاقے جفیر میں امریکی سفارت خانے کے قریب میزائل گرنے کے مناظر سامنے آئے ہیں۔ اسی دوران منامہ میں شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے سائرن بجائے جا رہے ہیں اور تمام شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویت میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ بحرین میں مختلف مقامات پر دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جفیر کے علاقے میں موجود ایک فوجی اڈے میں امریکی بحریہ کے اہلکار تعینات ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج کے سربراہ کمانڈر ان چیف امیر حاتمی کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم اس دعوے کی آزاد تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔
اسی طرح قطر نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔



















