Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں ہے، اسماعیل بقائی

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے ابتدائی فریم ورک طے پا چکا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں ہے۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ صرف جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کر رہا ہے جبکہ جوہری معاملہ فی الحال بات چیت کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے ابتدائی فریم ورک طے پا چکا ہے تاہم کسی حتمی معاہدے کے قریب ہونے کا فی الحال کوئی دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔ ممکنہ معاہدے کے بعض نکات پر اتفاق ہو چکا ہے لیکن یہ ابھی ابتدائی مرحلہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور اس آبی گزرگاہ کا انتظام ساحلی ممالک کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

انہوں نے اسرائیلی بیانات کو صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی اور کہا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب مناسب طریقے سے دیا جائے گا۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ممکنہ مفاہمتی یادداشت میں آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق تفصیلات شامل نہیں ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے کسی وفد کے بھیجنے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں۔

متعلقہ خبریں