پاکستان ٹیم نے کراچی ٹیسٹ ڈرا کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
پاکستان نے کراچی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 171.4 اوورز بیٹنگ کرکے 7 وکٹوں کے نقصان پر 443 رنز بنائے۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے چوتھی اننگز میں کھیلے جانے والے سب سے زیادہ اوورز ہیں۔ پاکستان ٹیم نے 1030 گیندیں کھیلیں۔
اس سے قبل پاکستان نے 2016 میں چوتھی اننگز میں آسٹریلیا کے ہی خلاف برسبین ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 145 اوورز بیٹنگ کرکے میچ ڈرا کیا تھا۔
چوتھی اننگز میں مجموعی طور سب سے زیادہ اوورز کھیل کر میچ ڈرا کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس تھا جس نے 1995 میں جنوبی افریقا کے خلاف 165 اوورز کھیلے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے یونس خان کا ریکارڈ توڑ دیا
واضح رہے کہ پاکستان کو 172 اوورز میں 506 رنز کا مشکل ہدف ملاتھا اور 21 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد شکست یقینی نظر آرہی تھی۔
تاہم کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے تیسری وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔249 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 96 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
ان کے بعد آنے والے فواد عالم زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکے اور 277 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بعد ازاں محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 115 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔
بابر اعظم 196 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 104 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔




















