Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امن کے حوالے سے پیش رفت، صدرشی کے 4 نکاتی ایجنڈے کی بھرپور تائید کرتے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم اور چینی ہم منصب کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی ملاقات اور بات چیت ہوئی

بیجنگ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوچکی ہے، ہم صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن ایجنڈے کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔

شہباز شریف کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جہاں چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اپنے وفود کا تعارف بھی کرایا۔

 اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو چینی مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی ملاقات اور بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے اور ہر دورے میں نئی ترقی اور تعمیرات دیکھنے کو ملتی ہیں۔

 انہوں نے چین کے برادر عوام سے صوبہ شانشی کی کوئلے کان میں ہونے والے دھماکے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین اس وقت اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی کی بنیاد بانی رہنماؤں نے رکھی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال نہایت نازک ہے، خلیجی خطے میں بحران جاری ہے تاہم پاکستان نے خطے میں امن کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں بھی کردار ادا کیا ہے جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عمل میں اہم رابطے کیے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں امن کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے اور معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور چین اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی شیڈول ہے جبکہ چین پاکستان کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں