خیبر پختونخوا میں عید سے پہلے گھروں کو جانے والے مسافروں کا سفر دردناک سانحے میں تبدیل ہوگیا جہاں سوات ایکسپریس وے پر تیز رفتار وین کھڑی بس سے جا ٹکرائی حادثے میں کم از کم 17 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اسماعیلہ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب سوات سے پشاور جانے والی مسافر بس فنی خرابی کے باعث سڑک کنارے کھڑی تھی۔ بس میں سوار افراد گاڑی سے اتر کر قریب موجود تھے کہ راولپنڈی سے دیر جانے والی ایک وین بے قابو ہو کر پہلے لوگوں پر چڑھ دوڑی اور پھر بس کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے فوری بعد علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی جبکہ امدادی ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق حادثے میں 17 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ وین ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری قرار دی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ وین سڑک کنارے کھڑی بس کو بروقت نہ دیکھ سکی اور پوری رفتار سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک بھی شدید متاثر رہی۔


















