Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عیدالاضحیٰ پر صدر اور وزیراعظم کا قوم کیلئے اتحاد و بھائی چارے کا پیغام

حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عید قربانی اطاعتِ الٰہی، صبر، اخلاص اور ایثار کا عظیم درس دیتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور یہ ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قربانی دینے کا پیغام دیتی ہے۔

صدر نے کہا کہ قربانی صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ انسانیت، ہمدردی اور بھائی چارے کا عملی اظہار بھی ہے۔ اصل کامیابی تقویٰ، خدمتِ خلق اور خلوصِ نیت میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید کی حقیقی خوشیاں اسی وقت مکمل ہوتی ہیں جب معاشرے کے محروم اور کمزور طبقات کو بھی ان خوشیوں میں شریک کیا جائے۔

آصف زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ یتیموں، بیواؤں، مزدوروں اور سفید پوش افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے کیونکہ ایک ذمہ دار معاشرہ ہی ترقی اور استحکام کی ضمانت بنتا ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ قومی زندگی میں برداشت، دیانت داری، قربانی اور اتحاد ناگزیر ہیں جبکہ اختلافات کے باوجود قومی وحدت کو مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان، خواتین، کسان، مزدور اور اساتذہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ہر شہری کو ملک کو پُرامن، مہذب اور باوقار ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار ایثار، قربانی اور اطاعتِ الٰہی کی عظیم مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت ایمان، وفاداری اور قربانی کی روشن علامت ہے جبکہ قربانی کا جذبہ انسان کو ہمدردی، احساسِ ذمہ داری اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیاں قبول فرمائے اور دنیا میں امن قائم کرے۔

متعلقہ خبریں