وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی سلامتی کےلیے مستقل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیرِاعظم لی چیانگ کی دعوت پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے 23 مئی سے 26 مئی 2026 تک چین کا سرکاری دورہ کیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی چین کے وزیرِاعظم لی چیانگ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ مذاکرات کیے دونوں فریقین نے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی اور چین و پاکستان کی ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر اتفاق کیا، وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کا بھی کامیاب دورہ کیا۔



















