نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی چیلنجز کے تناظر میں مختلف اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اصلاحات، جموں و کشمیر کی صورتحال، افغانستان اور فلسطین سمیت اہم بین الاقوامی مسائل زیر بحث آئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں پاکستان کی فعال شمولیت اور خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔














