Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2027 میں زمین آگ بن جائے گی، اقوام متحدہ کی خوفناک وارننگ نے دنیا ہلا دی

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2026 کے اختتام پر ال نینو سسٹم دوبارہ شدت اختیار کرسکتا ہے

دنیا ایک نئے موسمیاتی بحران کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2027 انسانی تاریخ کا سب سے زیادہ گرم سال ثابت ہوسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی تازہ رپورٹ نے عالمی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے متعلق خطرے کی نئی گھنٹی بجا دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026 سے 2030 کے درمیان زمین کا اوسط درجہ حرارت مسلسل بلند رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران ایک ایسا سال بھی آسکتا ہے جو گزشتہ تمام گرمی کے ریکارڈ توڑ دے۔ رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 2027 اس فہرست میں سرفہرست ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں عالمی درجہ حرارت خطرناک حد 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کے امکانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ یہی وہ حد ہے جسے دنیا نے پیرس ماحولیاتی معاہدے میں موسمی تباہی سے بچنے کے لیے اہم قرار دیا تھا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں میں زمین مسلسل گرم ہوتی جا رہی ہے اور 2015 کے بعد سے اب تک تقریباً تمام سال شدید ترین گرمی کے ریکارڈ میں شامل ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں 86 فیصد امکان موجود ہے کہ کوئی ایک سال 2024 کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2026 کے اختتام پر ال نینو سسٹم دوبارہ شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے اثرات 2027 میں پوری دنیا کو شدید گرمی، طوفانوں، خشک سالی اور غیر متوقع بارشوں کی صورت میں متاثر کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب یورپ پہلے ہی غیر معمولی موسمی حالات کا سامنا کر رہا ہے۔ برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک میں مئی کے مہینے میں گرمی کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں جبکہ آرکٹک کے برفانی علاقے تیزی سے پگھلنے لگے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر فوری قابو نہ پایا گیا تو دنیا کو خوراک اور پانی کی شدید قلت، سمندری سطح میں خطرناک اضافے اور تباہ کن قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔