Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سفارتی سرگرمیوں میں تیزی، اسحاق ڈار کل نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہوں گے

اسحاق ڈار دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل سرکاری دورے پر واشنگٹن ڈی سی روانہ ہوں گے جہاں وہ اہم سفارتی مصروفیات میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار پہلے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ واشنگٹن کا رخ کریں گے۔ دورے کے دوران ان کی امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو سے اہم ملاقاتیں طے ہیں۔

ان ملاقاتوں میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات میں پاکستان کے علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی اور مذاکراتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوگی جبکہ اہم ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم اپنی سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد اسی روز اسلام آباد واپس روانہ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں