پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول لاہور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کا مرکز کشمیر ریجن میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 18 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم صورتحال مجموعی طور پر کنٹرول میں رہی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں عمارتوں کی ابتدائی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان کا بروقت اندازہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادارے کے مطابق شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا نقصان کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں تاکہ فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔
زلزلے کے بعد حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کی ہدایت بھی کی ہے۔

















