پاک چین دوستی اسٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور طویل عرصے پر مشتمل شراکت داری پر قائم ہے۔
معروف چینی جریدے گلوبل ٹائمز کے مطابق گزشتہ 75 سال سے عالمی سطح پر بدلتے حالات، سیاسی تبدیلیوں اور معاشی اتار چڑھاؤ کے باوجود پاک چین دوستی انتہائی مضبوط ہے، بین الاقوامی تعلقات مفادات سے جڑے ہیں مگر پاک چین دوستی پائیدار اعتماد کی ایک منفرد مثال ہے۔
گلوبل ٹائمز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت سے متعلق سفارتی حمایت فراہم کی ہے۔
چینی جریدے کا کہنا تھا کہ تمام چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر چین کا ساتھ دیا ہے اور اسے ایک شراکت دار نہیں بلکہ قابل اعتماد دوست سمجھا ہے، پاک چین شراکت داری باہمی احترام، سیاسی بصیرت اورغیر متزلزل حمایت پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات صرف معاشی فائدے پر نہیں بلکہ ایک گہری اسٹریٹجک اور جذباتی وابستگی پر مبنی ہیں، آزاد خارجہ پالیسی اور تعمیری سفارتکاری کے ذریعے پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جس نے چین کو تسلیم کیا، سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان چینی سرمایہ کاری کی کامیابی اور ملک میں موجود چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے مکمل طورپر پرعزم ہے۔
گلوبل ٹائمز کے مطابق مشترکہ معاشی ترقی کے خواب کیلئے پاک چین دوستی اقتصادی میدان میں سی پیک کے ذریعے نئے مرحلے میں داخل ہوئی ہے، پاک چین سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر شراکت داری دونوں ممالک اور ایشیا کے استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثرملڑی ڈپلومیسی نے چین، امریکا اور دیگر اہم ممالک کے ساتھ مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا، عالمی و علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک ثابت قدم اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ باہمی احترام، مشترکہ ترقی اور آہنی بھائی چارے کی علامت ہیں۔


















