کراچی: چین میں تیار کی گئی پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم ہنگور کراچی پہنچ گئی۔ یہ آبدوز جدید بحری دفاعی صلاحیتوں اور دفاعی خود اعتمادی کی نئی علامت سمجھی جارہی ہے۔
ہنگور کلاس آبدوز جدید ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی، جدید سونار سسٹمز، اسٹیلتھ ڈیزائن اور طویل مدت تک زیر آب آپریشنز کی صلاحیت سے لیس ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چین میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی تھی۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا تھا کہ اہم بحری راستوں میں تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
















