Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکیہ کی اعلیٰ عسکری قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں، تعاون بڑھانے پر اتفاق

ترک بری فوج کے کمانڈر کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکیہ کی بری فوج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ان کی اہم ملاقات ہوئی۔

جی ایچ کیو آمد پر ترک بری فوج کے کمانڈر کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ امور اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مضبوط دفاعی اشتراک کو سراہا۔

ترک بری فوج کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران جنرل میتن توکیل نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی، جس میں بحری سیکیورٹی اور پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔

اسی طرح ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ اور ترک مسلح افواج کے درمیان تعاون اور مشترکہ پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں