Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا؛ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

دو مسیحی شہداء کی آخری رسومات اس سے قبل راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں۔

راولپنڈی: مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ چکلالہ میں ادا کی گئی جس وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید منیر نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مظفرآباد میں پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت وزیر اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

دو مسیحی شہداء کی آخری رسومات اس سے قبل راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں جن میں سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاک افواج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اس مشکل گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں