Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توقع ہے تیسرا بجٹ ہماری معیشت کو مزید تیزی سے آگے لے کر جائے گا، وزیراعظم

حکومت کو عام آدمی کو درپیش معاشی مشکلات کا بخوبی احساس ہے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توقع ہے تیسرا بجٹ ہماری معیشت کو مزید تیزی سے آگے لے کر جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ ہے جسے آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے تمام معاشی چیلنجز کے باوجود عوام دوست اور متوازن بجٹ تیار کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کو درپیش معاشی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ بھی 22.5 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد کی سطح پر آ گیا ہے۔

وزیراعظم نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملی۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں تاہم پائیدار ترقی کے لیے شمسی توانائی، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں اور بیٹری اسٹوریج جیسے متبادل توانائی ذرائع پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ساتھ ہی پانی کے ذخائر بڑھانے اور نئے ڈیمز کی تعمیر بھی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کے درمیان معاشی اہداف کے حوالے سے مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں سے تمام چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سمیت تمام سیاسی قیادت کا وفاق کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت اور معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل محنت کے ذریعے معاشی استحکام کے لیے اہم پیش رفت حاصل کی، جس کا اعتراف آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور دونوں ممالک نے کئی اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران، جوانوں اور دو مسیحی شہریوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، اس افسوسناک سانحے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے، یقین ہے کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔