لکی مروت میں جمعہ کی نماز کے دوران ایک مسجد کو خودکش حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جہاں مقامی افراد کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکا۔
مقامی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور مسجد کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس کا ہدف نمازیوں سے بھری مسجد تھی تاہم علاقے کے شہریوں نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری ردعمل دیا اور حملہ آور کو مسجد کے احاطے میں داخل ہونے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے زیر استعمال موٹرسائیکل کے ساتھ نصب دھماکا خیز مواد بعد ازاں پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک 5 سالہ معصوم بچی شہید جبکہ بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
واقعے کے بعد لکی مروت کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شہریوں نے دہشت گردی کے اس بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
















