Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی فون 18 پرو میکس کے نئے رنگ، ڈیزائن اور حیران کن فیچرز کی پہلی جھلک لیک

یہ تمام معلومات غیر مصدقہ لیکس اور ٹیک رپورٹس پر مبنی ہیں

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کی اگلی آئی فون سیریز ابھی باضابطہ طور پر سامنے بھی نہیں آئی لیکن اس سے پہلے ہی لیکس اور افواہوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ آئی فون 18 پرو میکس سے منسوب کچھ مبینہ تصاویر ایکس (ٹوئٹر) پر سامنے آنے کے بعد صارفین میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

لیک ہونے والی تصاویر میں فون کے ممکنہ ڈیزائن اور مختلف رنگوں کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈیوائس کا مجموعی ڈیزائن پچھلے پرو ماڈلز سے زیادہ مختلف نہیں لگتا، تاہم کچھ باریک تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز میں اس بار چار نئے رنگ متعارف کرائے جا سکتے ہیں، جن میں لائٹ بلیو، ڈارک گرے، سلور اور ڈارک چیری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق روایتی اورنج کلر اس بار ممکنہ طور پر تبدیل کر کے نیا ڈارک چیری شیڈ دیا جا سکتا ہے۔

ٹیک لیکس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ایپل اس بار اپنی لانچ حکمت عملی میں تبدیلی پر غور کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ ستمبر میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے ساتھ کمپنی اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی پیش کرے، جبکہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی آمد 2027 کے آغاز میں متوقع ہے۔

ہارڈویئر کے حوالے سے بھی کئی دعوے گردش کر رہے ہیں کہ نئی سیریز میں اے 20 پرو بائیونک چپ شامل کی جا سکتی ہے، جبکہ بہتر کنیکٹیویٹی کے لیے اپ گریڈڈ سی 2 موڈیم پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

مزید لیکس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایپل ممکنہ طور پر ڈائنامک آئی لینڈ کو مزید چھوٹا کر سکتا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ اسکرین اسپیس میسر آئے گی۔

واضح رہے کہ یہ تمام معلومات غیر مصدقہ لیکس اور ٹیک رپورٹس پر مبنی ہیں، جبکہ اصل تفصیلات ایپل کی آفیشل لانچ کے وقت ہی سامنے آئیں گی۔