پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند سے متعلق فلکیاتی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون 2026 کو محرم کا چاند نظر آنے کے امکانات نہایت محدود ہیں، جس کے باعث ذوالحج کے 30 دن مکمل ہونے کا امکان ہے۔
سپارکو کے مطابق محرم 1448 ہجری کا چاند 15 جون کو صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 50 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں نہیں سمجھی جاتی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 40 منٹ کا فرق متوقع ہے، لیکن اس کے باوجود چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
سپارکو کی فلکیاتی حسابات کے مطابق یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون 2026 بروز بدھ متوقع ہے، جبکہ 16 جون کو چاند کی رویت کے امکانات زیادہ روشن ہوں گے۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور شرعی اصولوں کی روشنی میں کیا جائے گا۔
سپارکو کے مطابق اسلامی مہینوں کے آغاز کا حتمی اختیار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے، جو اجلاس کے بعد محرم الحرام 1448 ہجری کے آغاز کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

















