اسلام آباد: سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فٹبال بین الاقوامی خلائی مشن کا حصہ بن گئی۔
پاکستان کی کھیلوں کی صنعت نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔ ناسا کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں خلا بازوں کو خلائی جہاز میں پاکستانی فٹبال کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ناسا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خلا بازوں کی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں ورلڈکپ 2026 کی فٹبال خلا میں گردش کرتی اور خلا بازوں کے درمیان پاس ہوتی نظر آتی ہے۔
The official FIFA World Cup ball went to space!
We’re working to inspire the next generation by showing how space exploration inspires innovation in sports science — and everyday life. Learn more: https://t.co/CWbI8MFDtp pic.twitter.com/ebJtkpD5uM
— NASA (@NASA) June 20, 2026
یہ فٹبال پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کی گئی تھی جو دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی کھیلوں کی مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔ اس منفرد موقع نے ایک بار پھر پاکستانی صنعت اور ہنرمندی کو عالمی سطح پر نمایاں کردیا ہے۔
سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹبال کا خلا تک پہنچنا پاکستانی کھیلوں کی صنعت کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کیونکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ورلڈکپ سے منسلک پاکستانی فٹبال کو بین الاقوامی خلائی مشن میں بھی نمایاں مقام ملا ہے۔
سوشل میڈیا پر ناسا کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستانی فٹبال عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ صارفین اس کامیابی کو پاکستانی صنعت، ہنرمندی اور معیار کا عالمی اعتراف قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں تیار ہونے والی یہ فٹبال نہ صرف دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کا حصہ ہے بلکہ اب زمین کی سرحدیں عبور کرکے خلا تک بھی پہنچ چکی ہے.



















