Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میر رضا کیس؛ شرجیل میمن نے الزامات کے خلاف این سی سی آئی سے رجوع کرلیا

شرجیل میمن نے 9 اگست کو این سی سی آئی اے کے کراچی زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو تحریری درخواست دی۔

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل سے متعلق خود اور اپنے بیٹے راول میمن کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) میں درخواست جمع کرادی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیجز کے ذریعے شرجیل میمن اور ان کے بیٹے کے خلاف بے بنیاد مواد پھیلایا جارہا ہے جس کا مقصد ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

میر رضا علی کی لاش 29 جولائی کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ملی تھی جب کہ وہ ایک روز قبل 28 جولائی کو لاپتہ ہوئے تھے۔

شرجیل میمن نے وکیل سیدہ ملائکہ نقوی کے ذریعے 9 اگست کو قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کے کراچی زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو تحریری درخواست دی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس پر شرجیل میمن اور ان کے بیٹے راول میمن کے خلاف الزامات عائد کیے جارہے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔

درخواست کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے گئے کہ گلستان جوہر میں قائم وہ گیسٹ ہاؤس جہاں مبینہ طور پر میر رضا علی کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا، وہ شرجیل میمن کی ملکیت ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بعض پوسٹس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ راول میمن واقعے کے فوراً بعد لندن روانہ ہوگئے اور بعد میں محافظ کے ہمراہ نقل و حرکت کرتے رہے۔

راول میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ انہیں اور ان کے والد کو ایک انتہائی غیر انسانی واقعے سے جوڑا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے کیونکہ انہیں معلوم نہیں کہ مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیجز چلانے والے افراد کون ہیں۔

راول میمن کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ چند افراد کی جانب سے کی جانے والی کارروائی نہیں بلکہ ایک منظم کردار کشی کی مہم محسوس ہوتی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر بھی پھیلایا گیا کہ مقدمے سے متعلق طبی بورڈ میں راتوں رات تبدیلی کی گئی جب کہ شرجیل میمن اور ان کی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی پر مبینہ ملزمان کو تحفظ دینے اور پولیس تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

درخواست کے مطابق گیسٹ ہاؤس کی ملکیت، راول میمن کے لندن جانے اور محافظ کے ہمراہ نقل و حرکت سے متعلق دعوے مختلف پیجز پر تقریباً ایک ہی انداز میں شیئر کیے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم مہم ہوسکتی ہے۔

شرجیل میمن نے قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے والے افراد کی شناخت کے لیے تکنیکی اور فرانزک تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے درخواست میں متعلقہ اکاؤنٹس کا جائزہ لینے، انٹرنیٹ ریکارڈ، آلات اور سم رجسٹریشن کی تفصیلات حاصل کرکے اصل افراد تک پہنچنے کی استدعا کی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ مبینہ طور پر پھیلائے جانے والے مواد سے شرجیل میمن اور ان کے بیٹے کی ساکھ، ذہنی سکون اور ذاتی تحفظ متاثر ہوسکتا ہے، اس لیے معاملے کا فوری نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔

متعلقہ خبریں