Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے لیے اعزاز: فیفا ورلڈکپ کی آفیشل میچ بال پاکستان میں تیار، جدید ٹیکنالوجی سے مزین

یہ صرف ایک عام فٹبال نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ بال ہے۔

پاکستان کے صنعتی شہر سیالکوٹ نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، جہاں فیفا ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی آفیشل میچ بال ’’ٹری اونڈا‘‘ تیار کی گئی ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کا شاہکار قرار دی جارہی ہے۔

یہ فٹبال جدید تھرمو بانڈڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے جس میں چار پینل ڈیزائن شامل ہیں۔ اس ڈیزائن کا مقصد کھلاڑیوں کو بہتر کنٹرول، زیادہ رفتار اور مستحکم فلائٹ فراہم کرنا ہے۔

یہ صرف ایک عام فٹبال نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ بال ہے جس میں نصب اسمارٹ چِپ اور سینسرز مصنوعی ذہانت کے نظام سے منسلک ہیں۔ یہ سسٹم ہر لمحے بال کی رفتار، سمت اور حرکت کا ڈیٹا ریکارڈ کرتا ہے۔

جیسے ہی کھلاڑی بال کو چھوتا ہے تو اس کا ڈیٹا فوری طور پر ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم تک پہنچ جاتا ہے جس سے آف سائیڈ، ہینڈ بال اور دیگر پیچیدہ فیصلوں میں مدد ملتی ہے۔

بال کے ڈیزائن میں میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے پرچموں کے رنگ بھی نمایاں طور پر شامل کیے گئے ہیں جو اس ایونٹ کی بین الاقوامی نوعیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

سیالکوٹ میں تیار ہونے والی یہ بال نہ صرف پاکستان کی صنعتی مہارت کی عکاسی کرتی ہے بلکہ عالمی معیار کی جدت اور ٹیکنالوجی میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگلے فیفا ورلڈکپ کی آفیشل بال پر بھی تحقیق کا آغاز ہوچکا ہے جس میں مزید جدید، تیز اور اسمارٹ خصوصیات شامل کرنے پر کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ میں پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کا استعمال ملک کے لیے ایک نمایاں اعزاز ہے۔