Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی کا بڑا ایکشن، غیر منظور شدہ لیگ کھیلنے والے سابق کرکٹرز پر 2 سالہ پابندی کا اعلان

عالمی کرکٹ ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں ہونے والی غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشین لیجنڈز لیگ کو غیر منظور شدہ کرکٹ ایونٹ قرار دیا ہے جبکہ بیرون ملک کسی بھی لیگ میں شرکت سے قبل متعلقہ کرکٹ بورڈ سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا لازمی ہے۔

پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کرکٹرز کو دو سال تک این او سی جاری نہیں کیا جائے گا جبکہ ایسے کھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق تمام ذمہ داریوں کے لیے بھی نااہل ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ عالمی کرکٹ ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور کھیل کی شفافیت، نظم و نسق اور عالمی معیار کے اصولوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

پی سی بی نے کہا کہ بیرون ملک کرکٹ مقابلوں میں شرکت سے پہلے بورڈ سے باضابطہ منظوری حاصل کرنا لازمی ہے جبکہ آئی سی سی اور دیگر رکن بورڈز کے ساتھ عالمی قوانین پر عمل درآمد کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں