کیتالان کے معروف ہسپانوی پیسٹری شیف مارک سویز نے 500 کلوگرام وزنی ایک غیر معمولی شادی کا کیک تیار کیا ہے، جسے وہ اپنے کیریئر کا اب تک کا سب سے شاندار شاہکار قرار دیں رہیں ہیں۔
3.5 میٹر بلند اور 1.8 میٹر چوڑے اس دیوہیکل کیک کو تیار کرنے میں تقریباً چار ماہ لگے جبکہ اس کے ڈیزائن اور تصور کی تیاری میں مزید ڈیڑھ ماہ صرف ہوئے۔ کیک کو ہزاروں ہاتھ سے تیار کردہ شوگر پیسٹ کی پھولوں کی پنکھڑیوں اور سفید چاکلیٹ سے سجایا گیا ہے۔
یہ منفرد کیک ایک سعودی جوڑے کی شادی کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا جس کی تقریب پیرس کے مشہور اوپیرا گارنیئر میں منعقد ہوئی۔ دلہا دلہن نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لباس کی ہر لیئرز کو ظاہر کرنے والا دنیا کا منفرد کیک
مارک سویز کے مطابق جوڑے کی خواہش تھی کہ کیک روایتی شادی کے کیک جیسا دکھائی نہ دے بلکہ ایک ایسی یادگار عمارت کی مانند ہو جو شادی کی تقریب اور اس کے شاندار مقام کو خراجِ تحسین پیش کرے۔
کیک کی تیاری میں تقریباً 1,800 گھنٹے صرف ہوئے جبکہ اسے سجانے کے لیے لگ بھگ 33,000 پنکھڑیاں ہاتھ سے تیار کی گئیں۔ سویز نے بتایا کہ وہ عموماً اپنے کام اکیلے کرتے ہیں تاہم اس غیر معمولی منصوبے کے حجم کے باعث انہیں اپنے پیسٹری شیف دوستوں ان کے اہلِ خانہ اور دیگر جاننے والوں کی مدد لینا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے آرڈر کے لیے دستیاب افرادی قوت بھی کم پڑ گئی تھی اور خاندان، دوستوں اور ساتھیوں نے مل کر اس شاہکار کی تیاری میں ان کا ہاتھ بٹایا۔
@sandycluzaud Magnificent wedding cake by the talented Marc Suarez at Paris Opera Garnier. operagarnierparis weddingcake paris luxurywedding
اس کیک کی ایک حیران کن خصوصیت یہ ہے کہ اس کے مجموعی حجم کا صرف تقریباً 0.1 فیصد حصہ ہی اصل کھانے والا کیک تھا جبکہ باقی تقریباً تمام ڈھانچہ ہاتھ سے تیار کردہ شوگر پیسٹ اور سفید چاکلیٹ پر مشتمل تھا۔
سویز کا یہ شاہکار اپنی غیر معمولی جسامت، نفاست اور تفصیلی دستکاری کے باعث روایتی شادی کے کیک کے بجائے ایک فن پارے کا منظر پیش کرتا ہے۔




















