راولپنڈی: کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچا، جہاں کویتی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد دارج سعد الشریعان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری میں ڈھالنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک کویت قیادت کی ملاقات دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔
پاکستان اور کویت کے درمیان بڑھتی ہوئی دفاعی شراکت داری سے علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔


















