سابق نگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو نے انتظامی اور فیصلہ سازی کے اختیارات ضلع اور تحصیل سطح تک منتقل کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے قریب کیے جانے والے فیصلے بہتر طرزِ حکمرانی اور مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے وسائل کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کے لیے صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح پر فنانس ایوارڈز کو لازمی قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد میاں سومرو نے سرکاری فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آزادانہ نگرانی، مسلسل آڈٹ اور سخت احتساب کا بھی مطالبہ کیا، خصوصاً ان فنڈز کے حوالے سے جو اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں، پانی اور سیوریج کے منصوبوں کے لیے مختص کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مضبوط مقامی فیصلہ سازی اور مالیاتی احتساب سے گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

















