Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں پراپرٹی ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی سہولت، رعایت کی مدت میں توسیع کردی گئی

رعایت کی مدت سابقہ تاریخ کے بجائے پراپرٹی ٹیکس بل جاری ہونے کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔

اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے محکمہ محصولات نے مالی سال 2026-27 کے پراپرٹی ٹیکس کے بلوں کے اجرا سے متعلق اہم سہولت کا اعلان کردیا، رہائشی، تجارتی، صنعتی اور ادارہ جاتی جائیدادوں کے بل 10 کاروباری دنوں کے اندر جاری کیے جائیں گے۔

محکمہ محصولات کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کے بلنگ نظام کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے جس کے باعث نئے مالی سال کے بلوں کے اجرا میں وقت لگ رہا ہے۔

محکمہ محصولات نے واضح کیا ہے کہ بلنگ نظام کی بہتری کے باعث ٹیکس دہندگان کو ہونے والی تاخیر کے پیش نظر پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر ملنے والی رعایت کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے۔

نئے انتظام کے تحت رعایت کی مدت کسی سابقہ تاریخ کے بجائے پراپرٹی ٹیکس بل جاری ہونے کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔

محکمہ محصولات کے مطابق بروقت ادائیگی پر دستیاب اضافی 5 فیصد رعایت بھی بل جاری ہونے کی تاریخ سے مقررہ آخری تاریخ تک برقرار رہے گی۔

محکمے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو بل وصول کرنے، اس کی تفصیلات کا جائزہ لینے اور مقررہ مدت کے اندر ادائیگی کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قابل اطلاق رعایت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں جب کہ یہ انتظام رہائشی، تجارتی، صنعتی اور ادارہ جاتی تمام متعلقہ جائیدادوں پر لاگو ہوگا۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے تمام جائیداد مالکان اور ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ بل موصول ہونے کے بعد پراپرٹی ٹیکس بروقت ادا کریں تاکہ دستیاب رعایت حاصل کی جاسکے اور کسی بھی پریشانی سے بچا جاسکے۔

محکمہ محصولات نے ٹیکس دہندگان کی رہنمائی اور سوالات کے جواب کے لیے رابطہ نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔ رہائشی علاقوں کے لیے 9252823 اور 9253057 جب کہ تجارتی علاقوں کے لیے 9252498 اور 9252461 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

محکمہ محصولات نے کہا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے اور بلنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے ذریعے کارکردگی، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ معلومات کے حصول کے لیے صرف سرکاری ذرائع سے رجوع کریں اور اسلام آباد میں بلدیاتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی و بہتری میں معاونت کے لیے پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں